دبئی،13/دسمبر (آئی این ایس انڈیا)امارت ابوظبی نے کرسمس کے موقع پر اپنی سرحد کھولنے کا اعلان کیا ہے۔ایک سرکاری بیان کے مطابق امارت کے مکین 24 دسمبر کو کووِڈ-19 کے ٹیسٹ کی منفی رپورٹ کے بغیر بھی ابوظبی میں داخل ہوسکیں گے۔
ابو ظبی میں اس وقت بیرون ملک سے آنے یا داخل ہونے کے خواہاں افراد آمد سے قبل کووِڈ-19 کاٹیسٹ کرانے کے پابند ہیں۔اس کا نتیجہ منفی ہونے کی صورت میں وہ 48 گھنٹے میں داخل ہوسکتے ہیں۔انھیں آمد کے چوتھے اور آٹھویں روز یہ ٹیسٹ دوبارہ اور سہ بارہ کرانا ہوتا ہے۔
البتہ یواے ای میں شامل دوسرے امارتوں سے تعلق رکھنے والے ویکسین پروگرام کے شرکاء کو ابو ظبی میں داخلے پر پی سی آر ٹیسٹ کرانے کی ضرورت نہیں اور یہ نئی پابندی صرف بیرون ملک سے آنے والے مسافروں پر عاید کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ امارت ابوظبی نے کووِڈ-19 کو پھیلنے سے روکنے کے لیے چار نومبر کو پی سی آر ٹیسٹ کرانے کی پابندی عاید کی تھی اور متحدہ عرب امارات کے شہریوں اور مکینوں پرابوظبی میں داخل اور آٹھ روز تک یا اس سے زیادہ قیام کی صورت میں پی سی آر کے تین ٹیسٹ کرانے کی پابندی عاید کی تھی۔
ابوظبی کے محکمہ ثقافت وسیاحت نے ہفتے کے روز ایک بیان میں کہا ہے کہ کرسمس کے موقع پر اس شرط کا اطلاق نہیں ہوگا۔
قبل ازیں گذشتہ بدھ کو ابوظبی کے میڈیا دفتر نے آیندہ دوہفتے میں امارت میں تمام اقتصادی ، سیاحتی ، ثقافتی اور تفریحی سرگرمیاں بحال کرنے کا اعلان کیا تھا۔اس نے ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ امارت نے کرونا وائرس کے یومیہ کیسوں کی تعداد میں کمی کا ہدف حاصل کرلیا ہے۔
یہ توقع کی جارہی ہے کہ ابوظبی میں کرسمس سے قبل 23 دسمبر تک تمام سیاحتی ، تفریحی ، ثقافتی اور کاروباری سرگرمیاں بحال کردی جائیں گی۔اس سال کے اوائل میں ابوظبی سمیت یو اے ای میں کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے یہ تمام سرگرمیاں معطل کر دی گئی تھیں اور حالیہ مہینوں میں ان میں سے بعض سرگرمیوں کو جزوی طور پر بحال کردیا گیا ہے۔